مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل آنتونیو گوترش نے ایران پر امریکی حملوں میں شہری شہادت کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو نشانہ بنانے والی تمام کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے نیویارک میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ سیکرٹری جنرل کو امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان دوبارہ ہونے والی فوجی جھڑپوں پر شدید تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنتونیو گوترش کو ایران میں شہری پر حملے سے متعلق رپورٹس پر گہری تشویش ہے، جن میں مبینہ طور پر ایک شادی کی تقریب کو نشانہ بنائے جانے کا واقعہ بھی شامل ہے۔ سیکرٹری جنرل تمام فریقوں کی جانب سے شہریوں کے خلاف ہونے والے ہر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
دوجارک نے کہا کہ تمام فریقوں کو بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پابندی کرنی چاہیے، جن میں جنگی کارروائیوں میں اہداف کی تفریق، تناسب اور احتیاط کے اصول شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ خطے کے چند ہی ممالک ایسے ہیں جو بڑھتی ہوئی کشیدگی سے محفوظ ہیں، جبکہ فضائی راستے اور اہم بحری گزرگاہیں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری جنرل ایک بار پھر فوری طور پر فوجی اقدامات روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں اور تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات یا بیانات سے گریز کریں جو کشیدگی میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ